بنگلورو،7؍جون(ایس او نیوز) 8؍جون سے مساجد کھولنے کے سلسلہ میں شہر کے چامراج پیٹ اور دیگر جنوبی اور مغربی علاقوں میں آنے والی مساجد کے ذمہ داروں کا ایک اجلاس شہر کے پادرائن پورہ علاقے میں آنے والے ایس بی فنکشن ہال میں مولانا مقصود عمران رشادی خطیب و امام جامع مسجد بنگلورو سٹی کی صدارت میں منعقد ہوا۔ اس اجلاس میں رکن اسمبلی ضمیر احمد خان شریک رہے۔
مساجد کے ذمہ داروں سے مخاطب ہو کرمولانامقصود عمران نے مساجد میں سماجی فاصلوں کی پابندی کے بارے میں مساجد کے ذمہ دارو ں کو تفصیلات سے آگاہ کرنے کے ساتھ ساتھ صفوں کے درمیان فاصلہ اور دیگر معلومات سے آگاہ کروایا۔ انہوں نے کہا کہ ضروری نہیں کہ ہر مسجد میں سینی ٹائز ہونے کے لئے ٹنل بنایا جائے بلکہ مساجد میں سینی ٹائزر رکھا جائے۔ انہوں نے کہا کہ مساجد میں وضو خانوں اور بیت الخلاء کا کم سے کم استعمال ہو، اس کا خاص طور پر خیال رکھا جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کی طرف سے جو ضابطہ مرتب کیا گیا ہے اس پر عمل کرنے میں کسی طرح کی پریشانی نہیں ہونی چاہئے۔ اگر اس ضابطہ پر عمل کرنے میں ذرا سی بھی غفلت ہو گئی تو جو عناصر اسلام اور مسلمانوں کو بدنام کرنے کے لئے انتظار میں بیٹھے ہیں ان کی طرف سے صورتحال کا استحصال کیا جا سکتا ہے۔ اس لئے کہیں بھی غفلت کی گنجائش نہ چھوڑیں۔ اس موقع پر رکن اسمبلی ضمیر احمد خان نے مساجد کے ذمہ داروں سے کہا کہ مساجد میں سماجی فاصلہ کی پابندی یا حکومت کی طرف سے جاری ضابطہ میں ذرا سی بھی کوتاہی مساجد کو فرقہ پرستوں کے ہاتھوں کا کھلونا بنا دے گی۔ اس لئے ایسی کوئی بھی حرکت نہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح پادرائن پورہ کے عوام کو معمولی واقعہ کے بعد بدنام کیاگیا، اس سے مقامی ذمہ داران اچھی طرح واقف ہیں۔ اس لئے اس بار جب مساجد کھلیں گی توزیادہ احتیاط سے نمازوں کا اہتمام کریں۔ بزرگوں او ر بچوں کو مساجد کی بجائے گھروں میں ہی نماز ادا کرنے کی گزارش کریں۔
اس موقع پر کانگریس رہنما بی کے الطاف خان، معروف وکیل محمد اسماعیل ذبیح اللہ، مقامی مساجد کے ائمہ، ذمہ داران اور دیگر علمائے کرام نے شرکت کی۔